Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

علم کو پرہیزگاری چاہئے

ابومحمد سید حسین سیفی

علم کو پرہیزگاری چاہئے

گلشنوں کو آبیاری چاہئے

سب کو خواہش ہے حکومت کی مگر

ہمتوں میں پائیداری چاہئے

ایک بو کر کاٹتے ہیں جب ہزار

بے زروں کی کشتکاری چاہئے

گرد اونچی ہو کے بنتی ہے غبار

خاکیوں کو خاکساری چاہئے

تخم بوتے ہی نہیں ملتے ثمر

ہر جگہ امیدواری چاہئے

حکمرانوں کے لئے ہے لازمی

یوں تو سب کو رازداری چاہئے

کہہ رہے ہیں تجربے یورپ کے یہ

عورتوں کو پردہ داری چاہئے

عیش کی جا خوش دلی درکار ہے

غم کدے میں سوگواری چاہئے

ختم پر ہر رنج کے جب عیش ہے

عاصیوں کو اشک باری چاہئے

حاکموں کی مہربانی کے لئے

محنت و خدمت گزاری چاہئے

دین و دنیا کی مسرت کے لئے

مرد و زن میں خوش گواری چاہئے

عفو کو حجت سے جب سیفیؔ ہے بغض

خاطیوں کو شرمساری چاہئے