Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عمر بھر اس پہ میں مرا ہی کیا

منتظر لکھنوی

عمر بھر اس پہ میں مرا ہی کیا

وہ مسیحا بھی دم دیا ہی کیا

تھا وہ نا آشنا مزاج ولے

آخرش ہم نے آشنا ہی کیا

عاشقی کے سوا بھی ہم نے اور

جو کیا کام سو برا ہی کیا

کر گئے قیس و کوہکن جو جو

ہم نے اس سے بھی کچھ سوا ہی کیا

گو بھلا یا برا تھا شعر اپنا

سن کے یاروں نے واہ وا ہی کیا

اک نہ اک اس کی زلف برہم سے

پیچ دل پر مرے پڑا ہی کیا

شب فرقت میں منتظرؔ ہر روز

شمع سا دل مرا جلا ہی کیا