Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عیاں ہو رنگ میں اور مثل بو گل میں نہاں بھی ہو

ساحر دہلوی

عیاں ہو رنگ میں اور مثل بو گل میں نہاں بھی ہو

جہان جاں ہوئے گل پیرہن جان جہاں بھی ہو

مکیں کونین میں ہو فی الحقیقت لا مکاں بھی ہو

ازل سے تا ابد قائم عیاں بھی ہو نہاں بھی ہو

پر پرواز عنقا لائیں گے گر لا مکاں بھی ہو

تمہیں ہم ڈھونڈ لائیں گے کہیں بھی ہو جہاں بھی ہو

کہاں ہیں حضرت عیسیٰ کہاں ہیں حضرت موسیٰ

عیاں اعجاز میں ہو اور تجلی میں نہاں بھی ہو

غشی ہو اور غشی میں ہوش بھی کچھ کچھ رہے باقی

وہ حسن لایزالی کچھ عیاں بھی کچھ نہاں بھی ہو

جلانا مارنا اعجاز ہے اس چشم پر فن کا

حیات جاوداں ہو اور مرگ ناگہاں بھی ہو

جو آنکھیں ہوں تو حسن و عشق کی صورت نظر آئے

عیاں ہو رنگ گل میں صوت بلبل میں نہاں بھی ہو

یہاں دیر و حرم میں ہو وہاں مے خانہ میں ساحرؔ

برہمن ہو جناب شیخ ہو پیر مغاں بھی ہو