Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عید ملنے کا اک بہانہ ہوا

مجید لاہوری

عید ملنے کا اک بہانہ ہوا

کاٹ کر جیب وہ روانہ ہوا

لیڈری میں بھلا ہوا ان کا

بندگی میں مرا بھلا نہ ہوا

ایک مینڈھے پہ ہی نہیں موقوف

تجھ پہ قربان اک زمانہ ہوا

یہ عوامی بنا رہے ہیں لیگ

کیا مذاق ان کا عامیانہ ہوا

جہاں رہتی تھی "زہرہ جان" کبھی

پیر صاحب کا آستانہ ہوا

اپنا "بندو" بھی بن گیا لیڈر

جب الاٹ ایک کارخانہ ہوا

ہم تو بے دال کے رہے بودم

پا کے دولت وہ "دولتانہ" ہوا

میں لکھوں گا مجیدؔ یونہی غزل

تنگ اگر ان میں قافیہ نہ ہوا