Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عندلیب

عظیم الدین احمد

اے عندلیب زیب چمن زینت چمن

ہمدم قلق نصیبوں کی الفت کے ماروں کی

شیریں تری نوا ہے اگرچہ ہے پر خروش

دل کش تری صدا ہے اگرچہ ہے دل خراش

سازوں میں ہے وہ بات کہاں جو کہ تجھ میں ہے

الفت کہاں ہے ان کو کسی سے کہاں ہے لاگ

ہے ہے کسی کے سوز سے ان کو کہاں ہے ساز

بے شبہ ان میں لحن ہے اک خاص طور کا

بے شبہ ان کی چھیڑ سے تھراتی ہے ہوا

لیکن تری صدا سے ہیں ظاہر یہ صاف صاف

آلام یاس جوش دلی صدمۂ فراق

یعنی تری نوا ہے وہ تھرائے جس سے دل

چلتی ہے جس گھڑی کہ شب ماہ میں صبا

اور جب کہ مست ہو ہو کے ہلتی ہے شاخ گل

اس وقت تو جو کرتی ہے فریاد ہم صفیر

بیتاب اور کرتی ہے ہجراں نصیب کو

لیکن تو جس کے واسطے رہتی ہے بے قرار

ہوتا ہے اس کا قرب مہینوں تجھے نصیب

ہوتی ہے ہر بہار میں تجھ کو نئی بہار

ان کو تو دیکھ دل کو ہے جن کے کسی سے لاگ

معشوق کا مگر نہیں نظارہ تک نصیب

برسوں نہیں ہے کوچۂ دل دار تک گزار

فریاد و نالہ کرتے ہیں دن رات وہ مگر

ممکن نہیں کہ کانوں تک اس کے پہنچ سکے