Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

فروغ مہر سے رندوں کا آخر کام کیا ہوگا

ناطق لکھنوی

فروغ مہر سے رندوں کا آخر کام کیا ہوگا

زمیں پر دور چلتا ہے فلک پر جام کیا ہوگا

یہ میں جانوں کہ میں نے کیوں کیا آغاز الفت کا

یہ وہ جانیں کہ اس آغاز کا انجام کیا ہوگا

ترا ترک ستم تمہید ہے ترک تعلق کی

مجھے اس دل شکن آرام سے آرام کیا ہوگا

پریشاں میں نہیں لیکن جفا پر تم پشیماں ہو

وفا پر میری اس سے بڑھ کے اور الزام کیا ہوگا

شرابی ہے وہی رگ رگ میں جس کی قدرتی مے ہو

نہ ہو کیف آفریں جو دل وہ مے آشام کیا ہوگا

خوشی ہوگی دوامی غم زدوں کو جب کبھی ہوگی

جسے ہر وقت ہو آرام اسے آرام کیا ہوگا

گماں تھا نیک مجھ پر نیک لوگوں کا سو اب تک ہے

مگر اب میں کہاں ناطقؔ مجھے الہام کیا ہوگا