Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

فرق جب لذت احساس میں پایا نہ گیا

علی منظور حیدرآبادی

فرق جب لذت احساس میں پایا نہ گیا

درد دیکھا نہ گیا تم کو دکھایا نہ گیا

چٹکیاں کون یہ رہ رہ کے لئے جاتا ہے

میرے دل میں تو مری جاں کوئی آیا نہ گیا

لطف یوں رنجش بے جا کے لئے پہروں تک

بے سبب روٹھنے والے کو منایا نہ گیا

خواب پر کیف کا منظر بھی نشاط آور تھا

دوست کو اس لئے کچھ دیر جگایا نہ گیا

منع کرتی جو رہی خندہ جبینی اس کی

درد دل اپنا کبھی اس کو سنایا نہ گیا

خود ہنسا وہ یہ جوانی کی کرم بخشی ہے

خسرو حسن کو مجھ سے تو ہنسایا نہ گیا

دے تو دی ضبط محبت کی قسم ظالم نے

فائدہ ضبط محبت کا بتایا نہ گیا

کب دکھاتا ہے وہ بربادیٔ حسرت کا سماں

خاک میں جب مری حسرت کو ملایا نہ گیا

روشنی جس کی دکھاتی تھی مجھے بھول ہی بھول

اس قمروش کا وہ انداز بھلایا نہ گیا

طور کی پوری طرح یاد دلائی نہ گئی

ہوش چھینے تو گئے ہوش میں لایا نہ گیا

ان کی مشکوک نظر میں وہ مزا تھا منظور

کہ یقیں اپنی محبت کا دلایا نہ گیا