Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

قاتل عالم سے کیا یارانہ ہے

مرزا مسیتابیگ منتہی

قاتل عالم سے کیا یارانہ ہے

دل چراغ گور کا پروانہ ہے

ہر مکاں میں جلوۂ جانانہ ہے

عاشقوں کا ہر جگہ افسانہ ہے

چھین لے گا بہر زلف عنبریں

یہ دل صد چاک رشک شانہ ہے

لوگ کہتے ہیں جسے پیر مغاں

یار کا کیا جلوۂ مستانہ ہے

حلقۂ اعدا میں ہے وہ سیم بر

گنج ہے جس جا وہاں ویرانہ ہے

جس جگہ چلتے تھے کل جام شراب

آج واں الٹا ہوا پیمانہ ہے

بیعت دست سبو سے یہ کھلا

سب سے بہتر مشرب رندانہ ہے

کیوں نہ پھانسے دولت دنیا ہمیں

ہے وہاں پر دام جس جا دانہ ہے

مرد آخر بیں کے آگے منعموں

کثرت ہستی بھی اک ویرانہ ہے

کام کیا ہے اس کو ملک و مال سے

پاس جس کے ہمت مردانہ ہے

ہجر میں اشک مسلسل زاہدا

عاشقوں کا سبحۂ صد دانہ ہے

منتہیؔ زیر قدم اس یار کے

سر کٹانا سجدۂ شکرانہ ہے