Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اتنا تو جانتے ہیں کہ عاشق فنا ہوا

آسی غازی پوری

اتنا تو جانتے ہیں کہ عاشق فنا ہوا

اور اس سے آگے بڑھ کے خدا جانے کیا ہوا

شان کرم تھی یہ بھی اگر وہ جدا ہوا

کیا محنت طلب میں نہ حاصل مزا ہوا

میں اور کوئے عشق مرے اور یہ نصیب

ذوق فنا خضر کی طرح رہ نما ہوا

پہچانتا وہ اب نہیں دشمن کو دوست سے

کس قید سے اسیر محبت رہا ہوا

شایان درگزر ہے اگر اضطرار میں

جرم دراز دستی ذوق دعا ہوا

کیا کیا نہ اس نے پورے کئے مدعائے دل

لیکن پسند اسے دل بے مدعا ہوا

اس کا پتہ کسی سے نہ پوچھو بڑھے چلو

فتنہ کسی گلی میں تو ہوگا اٹھا ہوا

گل رویوں کے خیال نے گلشن بنا دیا

سینہ کبھی مدینہ کبھی کربلا ہوا

پیچیدہ تھی جو سر میں ہوائے رضائے دوست

آسیؔ مرید سلسلۂ مرتضیٰ ہوا