Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

لاکھ لاکھ احسان جس نے درد پیدا کر دیا

آغا شاعر قزلباش

لاکھ لاکھ احسان جس نے درد پیدا کر دیا

جس نے اس دل کو ہتھیلی کا پھپھولا کر دیا

دیکھنا مغرب کی جانب یہ شفق کا پھولنا

ڈوبتے سورج نے سونے میں سہاگا کر دیا

زندگی اور موت میں اک عمر سے تھی کشمکش

وقت پر دو ہچکیوں نے پاک جھگڑا کر دیا

اک شرارہ سا قریب شمع جا کر مل گیا

آتش پروانہ نے شعلے کو دونا کر دیا

بلبل تصویر ہوں اب بولنا ہے ناگوار

تیری اس ہنگامہ آرائی نے چپکا کر دیا

اس کو کہتے ہیں لگی پروانے جل بجھ ڈوب مر

روتے روتے شمع نے آخر سویرا کر دیا

دے دیا آنکھیں لڑا کر اس پری پیکر نے جام

میں نشے میں چور تھا ہی اور اندھا کر دیا

کیا گرامی ہستیاں ہیں حضرت عثمانؔ و شادؔ

شاعرؔ ان دونوں نے دنیا میں اجالا کر دیا