Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

لائے گی رنگ آپ کی یہ دل لگی کچھ اور

علی منظور حیدرآبادی

لائے گی رنگ آپ کی یہ دل لگی کچھ اور

بڑھ کر رہے گی اب مری آشفتگی کچھ اور

مجھ پر کھلیں گے اور ابھی راز ہائے عشق

دل کو ملے گی لذت بے چارگی کچھ اور

میری حیات عشق ہے تمہید انبساط

جلوے دکھائے گی مجھے خود رفتگی کچھ اور

ان کی طرف ہے چشم‌ سخن گو دم اخیر

اس کے سوا نہیں اثر زندگی کچھ اور

ہاں اے خیال دوست دکھا دوست کو دکھا

باقی کچھ اور ہے ہوس بندگی کچھ اور

رہتا نہ اتنا دور میں اس جلوہ گاہ سے

اے کاش ابھارتا غم افتادگی کچھ اور

وعدے یوں ہی جو کرتے رہیں گے وہ نو بہ نو

حاصل کروں گا میں طرب زندگی کچھ اور

منظورؔ اک نگاہ طرب سوز کے سوا

دیکھا نہ ہم نے حاصل شرمندگی کچھ اور