Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اتش حسن بھری ہے تیرے رخساروں میں

بوم میرٹھی

اتش حسن بھری ہے تیرے رخساروں میں

کون منہ مارے دہکتے ہوئے انگاروں میں

طالب دید کو جب دید کا موقع نہ ملا

لاکھوں سوراخ کئے یار کی دیواروں میں

آج کیا تو نے عیادت کا کیا ہے وعدہ

کھلبلی آج مچی ہے تیرے بیماروں میں

سینکڑوں بوتلیں اور بیسیوں ساغر ٹوٹے

ہاتھا پائی جو ذرا ہو گئی مے خواروں میں

غیر سے آج ہوئی نوچا کھسوٹی تیری

داغ جو نیلے پڑے ہیں تیرے رخساروں میں

باد ابرو سے شب ہجر کو کاٹا ہم نے

یہ بھی چلتا ہوا ہتھیار ہے ہتھیاروں میں

کہیں ہو جائے اسے بردہ فروشی میں سزا

غیر اس بت کو لئے پھرتا ہے بازاروں میں

ہم کو بھی حسن ملاحت کا مزہ چکھوا دو

ہم بھی ہیں آپ کے مدت سے طلب گاروں میں

بوم صاحب کا عجب رنگ نرالا دیکھا

یار یاروں میں ہے اغیار ہے اغیاروں میں