Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

مانگو ہو ابھی دل مجھے نادان سمجھ کر

عبدالرحمان احسان دہلوی

مانگو ہو ابھی دل مجھے نادان سمجھ کر

پھر دوں گا جواب اس کا مری جان سمجھ کر

بچ جائیوں کمبخت مری بخت سیہ سے

یاں آئیو تو اے شب ہجران سمجھ کر

کیا کام مہ نو سے مجھے میں اسے ہر دم

دیکھوں ہوں ترا عکس گریبان سمجھ کر

رنگ اپنا ہوا سنتے ہی ملتانی کی مٹی

تو کیجو سفر جانب ملتان سمجھ کر

نو روز ہے اور ساقیٔ کوثر کا ہے اب دور

ایذا دے مجھے گردش دوران سمجھ کر

کلکتہ میں الفت کی گورنر ہے سدا عشق

آمادہ ہو تو رستم دستان سمجھ کر

میجر نے جنوں کی ہے یہ تیار کی پلٹن

ہاں دیکھ صف خار مغیلان سمجھ کر

جرنیل تو صحرا میں ہیں اور کوہ میں کرنیل

ہے شہر میں چھوڑا مجھے کپتان سمجھ کر

کیا محتسب شہر کد و بیر سے لے گا

ہم کرتے ہیں پیمانہ سے پیمان سمجھ کر

یا رب میں کہاں جاؤں کہ ہر دم بت کافر

ایذا مجھے دیتا ہے مسلمان سمجھ کر

حب بکنے لگا شب کو جو وہ غصہ سے منعم

اک رحم سا آیا مجھے ہذیان سمجھ کر

ارمان سے ارمان ہے ارمان نہ تو نے

ارمان نکالے مرے ارمان سمجھ کر

دل سرد ہے تم سے کہ بایں گرم تپا کے

یک شب بھی نہ یاں سوئے زمستان سمجھ کر

میاں بوس ابھی لوں گا دھری رہویگی تروار

گالی نہ سنا سب کو تو یکسان سمجھ کر