Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ماہ اچھا ہے کہ وہ بدر کمال اچھا ہے

راجہ نوشاد علی خان

ماہ اچھا ہے کہ وہ بدر کمال اچھا ہے

دیکھنا ہے یہ ہمیں کس کا جمال اچھا ہے

آپ کی چشم عنایت نے سنبھالا اس کو

آج تو آپ کے بیمار کا حال اچھا ہے

حال جب ہوگا برا دیکھنے وہ آئیں گے

لوگ کہتے ہیں برا جس کو وہ حال اچھا ہے

جس سے ملتے ہیں ملاتے ہیں اجل سے اس کو

چشم قاتل میں تمہاری یہ کمال اچھا ہے

وصل جب اس بت کافر کا میسر ہو جائے

روز وہ اچھا وہ ماہ اچھا وہ سال اچھا ہے

خال و ابرو میں تمہیں فیصلہ کر دو کوئی

بدر اچھا ہے تمہارا کہ ہلال اچھا ہے

حوریں جنت کی نہ کام آئیں گی اپنے نوشادؔ

ان حسینوں کا مگر حسن و جمال اچھا ہے