Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

مانند شمع بزم پگھلنے کے واسطے

ہاجر دہلوی

مانند شمع بزم پگھلنے کے واسطے

پیدا ہوا ہوں عشق میں جلنے کے واسطے

وہ ناز کر رہے ہیں شب وصل اور ادھر

ارماں تڑپ رہے ہیں نکلنے کے واسطے

بلبل سے کہہ دو شیوۂ فریاد چھوڑ دے

آئیں گے باغ میں وہ ٹہلنے کے واسطے

رونے کو ہجر یار میں آنکھیں عطا ہوئیں

بخشا گیا ہے دل بھی مچلنے کے واسطے

سچ پوچھئے تو عشق میں خود کو بدل لیا

ہم نے خیال یار بدلنے کے واسطے

ہاجرؔ قرار دل کو نہ آیا کسی طرح

کیا کیا کیا نہ اس کے بہلنے کے واسطے