Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

مرے پہلو سے جو نکلے وہ مری جاں ہو کر

غلام بھیک نیرنگ

مرے پہلو سے جو نکلے وہ مری جاں ہو کر

رہ گیا شوق دل زار میں ارماں ہو کر

زیست دو روزہ ہے ہنس کھیل کے کاٹو اس کو

گل نے یہ راز بتایا مجھے خنداں ہو کر

اشک شادی ہے یہ کچھ مژدہ صبا لائی ہے

شبنم آلودہ ہوا پھول جو خنداں ہو کر

ذرۂ وادئ الفت پہ مناسب ہے نگاہ

فلک حسن پہ خورشید درخشاں ہو کر

شوخیاں اس نگہ زیر مژہ کی مت پوچھ

دل عاشق میں کھبی جاتی ہے پیکاں ہو کر

شدت شوق شہادت کا کہوں کیا عالم

تیغ قاتل پڑی سر پہ مرے احساں ہو کر

اب تو وہ خبط مرے عشق کو کہہ کر دیکھیں

خود ہی آئینے کو تکنے لگے حیراں ہو کر