Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

مشام بلبل میں رشک گل کی ہنوز بو بھی نہیں گئی ہے

کرامت علی شہیدی

مشام بلبل میں رشک گل کی ہنوز بو بھی نہیں گئی ہے

ابھی وہ نام خدا ہے غنچہ نسیم چھو بھی نہیں گئی ہے

نہ عشق سرمے کا نے مسی کا نہ شوق غمزے کا نے ہنسی کا

گماں ہو گر تم کو آرسی کا سو رو بہ رو بھی نہیں گئی ہے

بلا کو اس کی خبر ہے کہتے ہیں کس کو معشوق کیا ہے عاشق

ہنوز کانوں میں اس پری کے یہ گفتگو بھی نہیں گئی ہے

یقیں نہیں مجھ کو قیس گریاں کے حال سے اس کو آگہی ہو

نکل کے مطلب سے اپنے لیلیٰ کنار جو بھی نہیں گئی ہے

شہیدیؔ اتنی گماں پرستی نشہ میں سب بھول بیٹھے ہستی

ہوئی ہے اس سے ہی تم کو مستی جو تا گلو بھی نہیں گئی ہے