Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

مرا یہ زخم سینہ کا کہیں بھرتا ہے سینے سے

سردار گینڈا سنگھ مشرقی

مرا یہ زخم سینہ کا کہیں بھرتا ہے سینے سے

لگائے اے صنم جب تک نہ تو سینہ کو سینے سے

فلک نے شادماں دیکھا جسے آیا اسی کے سر

خدا محفوظ ہر انساں کو رکھے اس کمینے سے

جو لے جاتے ہیں دل میرا بچانا ٹھیس سے اس کو

وہ ہے اے سنگ دل نازک زیادہ آبگینے سے

نہ ہوگی دور غش میری گلاب و مشک و عنبر سے

مرے رخ کو تو دھو اے گل بدن اپنے پسینے سے

کہیں یہ صاف ہوتا ہے کدورت اور کینے سے

اگر زخم جگر مل بھی گیا دشمن کے سینے سے

دل اک دہنے رہا گر دوسرا دائم رہا بائیں

نہ دو باہم ہوئے دل گو ملا سینہ بھی سینے سے

کوئی رنج و الم آئے نہ دل کے پاس اے ساقی

جو ہو آغاز مے نوشی محرم کے مہینے سے

تو چاہے دوسروں کو اور ہم مرتے پھریں تجھ پر

ہمارے واسطے مرنا ہے بہتر ایسے جینے سے

سمجھنا چاہیے کینے سے سینہ ہے بھرا اس کا

کیا ہے مشرقیؔ انکار جس نے مے کے پینے سے