Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

مژگاں وہ جھپکتا ہے اب تیر ہے اور میں ہوں

Nazeer Akbarabadi (1735–1830)

مژگاں وہ جھپکتا ہے اب تیر ہے اور میں ہوں

سر پاؤں سے چھدنے کی تصویر ہے اور میں ہوں

کہتا ہے وہ کل تیرے پرزے میں اڑاؤں گا

اب صبح کو قاتل کی شمشیر ہے اور میں ہوں

بے جرم و خطا جس کا خوں ہووے روا یارو

اس خوبیٔ قسمت کا نخچیر ہے اور میں ہوں

ہے قتل کی دھن اس کو اور میری نظر حق پر

تدبیر ہے اور وہ ہے تقدیر ہے اور میں ہوں

دل ٹوٹا نظیرؔ اب تو دو چار برس رو کر

اس قصر شکستہ کی تعمیر ہے اور میں ہوں