Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

موسم گل ترے انعام ابھی باقی ہیں

سراج الدین ظفر

موسم گل ترے انعام ابھی باقی ہیں

شہر میں اور گل اندام ابھی باقی ہیں

اور کھل جا کہ معارف کی گزر گاہوں میں

پیچ اے زلف سیہ فام ابھی باقی ہیں

اک سبو اور کہ لوح دل مے نوشاں پر

کچھ نقوش سحر و شام ابھی باقی ہیں

ٹھہر اے باد سحر اس گل نورستہ کے نام

اور بھی شوق کے پیغام ابھی باقی ہیں

اٹھو اے شب کے غزالو کہ سحر سے پہلے

چند لمحات خوش انجام ابھی باقی ہیں

انتظار اے دل و دیدہ کہ ہزاروں اسرار

سائے کی طرح تہہ جام ابھی باقی ہیں

کھول کر کیجئے تشریح سر مصرع زلف

اس نوشتے میں کچھ ابہام ابھی باقی ہیں

اے سہی قد تری نسبت سے سب اونچی قدریں

باوجود روش عام ابھی باقی ہیں

ہم میں کل کے نہ سہی حافظؔ و خیامؔ ظفرؔ

آج کے حافظؔ و خیامؔ ابھی باقی ہیں