Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

موج دریا

تصدق حسین خالد

اے حسیں ساحل مگر سوتا ہے تو

تیرے حسن بے خبر پر میری بیداری نثار

میرے قطروں کی جبیں

مضطرب سجدوں کی دنیائے نیاز

آستاں ناز پر ذوق عبادت کا ہجوم

دیکھ لرزاں سانس

تیری دید کو آتی ہوں میں

گاتی ہوئی روتی ہوئی

اور تو

اضطرار فطرت سیماب کا رنگ ادا

تیری اس شان تغافل پر فدا

سوتا ہے تو

درد الفت کی اسیر

تیری ریتوں کو اگر میں بوسہ دوں

ہے یہی اک آرزو

ایک جنبش اک نگاہ

اک سرسراہٹ ایک آہ

اے میرے دل کی دیوتا

میرے آئینے سے مسحور جمال

تمتما اٹھتے ہیں تارے

غم سے ہو جاتے ہیں دم بھر کے لیے

منعکس ہے میرے دامن میں فروغ ماہتاب

خوشۂ پرویں کہ ہے شاداب خون آفتاب

پانیوں میں لہلہاتا ہے عجب انداز سے

حسن ایمن کی بہار

یاد ہے چشم کلیم

میرے دل کے دیوتا

سونے کو ہوں

ایک جنبش اک نگاہ

اک سرسراہٹ ایک آہ

اے میرے دل کے دیوتا