Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ندیم باغ میں جوش نمو کی بات نہ کر

اختر انصاری اکبرآبادی

ندیم باغ میں جوش نمو کی بات نہ کر

بہار آ تو گئی رنگ و بو کی بات نہ کر

عجیب بھول بھلیاں ہے شاہراہ حیات

بھٹکنے والے یہاں جستجو کی بات نہ کر

تباہ کر نہ مذاق جنوں کی خودداری

دل تباہ کسی تند خو کی بات نہ کر

خود اپنے طرز عمل کو سنوار اور سنوار

مرے رفیق طریق عدو کی بات نہ کر

گریز حسن کو انداز حسن کہتے ہیں

نظر سے دیکھ مگر خوبرو کی بات نہ کر

یہ برق حسن جلاتی تو ہے مگر ناصح

وہ اور شے ہے مرے شعلہ خو کی بات نہ کر

یہ میکدے کی فضا کہہ رہی ہے اے اخترؔ

کہ تشنگی میں بھی جام و سبو کی بات نہ کر