Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نقش دل ہے ستم جدائی کا

عبد الغفور نساخ

نقش دل ہے ستم جدائی کا

شوق پھر کس کو آشنائی کا

چکھتے ہیں اب مزا جدائی کا

یہ نتیجہ ہے آشنائی کا

ان کے دل کی کدورت اور بڑھی

ذکر کیجیے اگر صفائی کا

دیکھ تو سنگ آستاں پہ ترے

ہے نشاں کس کی جبہہ سائی کا

تیرے در کا گدا جو ہے اے دوست

عیش کرتا ہے بادشائی کا

دختر رز نے کر دیا باطل

مجھ کو دعویٰ تھا پارسائی کا

کرتے ہیں اہل آسماں چرچا

میرے نالوں کی نارسائی کا

کاٹ ڈالو اگر زباں پہ مرے

حرف آیا ہو آشنائی کا

کر کے صدقے نہ چھوڑ دیں نساخؔ

دل کو دھڑکا ہے کیوں رہائی کا