Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ادائیں ہیں جو اس رشک پری میں

ہاجر دہلوی

ادائیں ہیں جو اس رشک پری میں

نہ ڈھونڈے سے ملیں گی وہ کسی میں

نہ دیکھی وہ کسی کی دشمنی میں

جو آفت ہے تمہاری دوستی میں

تغافل کس قدر ہمت شکن ہے

نہیں ہے اب کوئی ارمان جی میں

تڑپتے ہیں ہزاروں کشتۂ غم

قیامت ہے بپا تیری گلی میں

بناوٹ میں وہ کیفیت کہاں ہے

مزا ہے جو تمہاری سادگی میں

وہ کب سننے لگے ہیں شکوۂ غم

خفا ہو جاتے ہیں جو دل لگی میں

جدا جب سے ہوئے ہو تم مری جاں

کمی کچھ آ گئی ہے زندگی میں

وہی دل کو بچا سکتا ہے غم سے

کبھی جو خوش نہیں ہوتا خوشی میں

بچانا ہر بلا سے اے خدا تو

ترا ہی آسرا ہے بے کسی میں

جو دل میں بس رہا ہے کون ہے وہ

کسے معلوم ہے یہ بے خودی میں

تمہیں کو چھینتی ہے مجھ سے دنیا

ملے تھے ایک تم ہی زندگی میں

نہ بھولے گی یہ سیر باغ ہاجرؔ

کسی کو ساتھ لے کر چاندنی میں