Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نوح کا طوفان اک آنسو سے برپا کیجئے

میرزا الطاف حسین عالم لکھنوی

نوح کا طوفان اک آنسو سے برپا کیجئے

جی میں آتا ہے کہ اب قطرہ کو دریا کیجئے

بے خبر بن جائیے یا عہد پورا کیجئے

جس طرح سے آپ کا جی چاہے اچھا کیجئے

عیسی دوراں سہی لیکن کوئی شاہد بھی ہو

ہم ابھی تو جی اٹھیں گے آپ اشارا کیجئے

ہو چکا ہونا تھا جو کچھ جائیے بس جائیے

مرنے والے کو نہ اب للہ رسوا کیجئے

پھر ذرا جھلکی دکھا کر اک ذرا چھپ جائیے

دل کے ہر ذرے میں آباد ایک دنیا کیجئے

دل ہمارا ہے ہم اس کے ہیں ازل سے راز دار

آپ خود آ کر سر بازار رسوا کیجئے

کون کہتا ہے کہ ان قصوں کو پھر دہرائیے

دل کی آبادی مٹا کر ذکر صحرا کیجئے

رازداری عشق میں عالمؔ نہیں چھوٹی سی بات

دل ہی دل میں سوچتا رہتا ہوں اب کیا کیجئے