Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وصل میں بگڑے بنے یار کے اکثر گیسو

امیر اللہ تسلیم

وصل میں بگڑے بنے یار کے اکثر گیسو

الجھے سلجھے مری تقدیر سے شب بھر گیسو

میں نہ مانوں گا یہ ظلمت اسے کس دن ہو نصیب

ہو گئے ہوں گے شریک شب محشر گیسو

کہنے سننے سے اگر وصل ہوا بھی تو کیا

ضد سے بیٹھے وہ بنایا کیے شب بھر گیسو

چاہتے ہیں کہ پریشاں پس مردن بھی رہوں

کھول دیتے ہیں مری گور پر آ کر گیسو

اڑ چلا اور بھی وہ رشک پری زاداں سے

بن گئے حسن کے پرواز کو شہپر گیسو

آرزو ہے کہ شب قدر ہو یا شام امید

کچھ دکھائے نہ خدا تیرے دکھا کر گیسو

یہ بھی تقدیر کے ہیں پیچ وگرنہ تسلیمؔ

مجھ سا آزاد ہو پابند معنبر گیسو