Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہ جب آپ سے اپنا پردا کریں

سید یوسف علی خاں ناظم

وہ جب آپ سے اپنا پردا کریں

تو بند قبا کس طرح وا کریں

اگر ہم نہ ان کی تمنا کریں

تو وہ ہم پہ کیوں ناز بے جا کریں

اسے لوگ کیوں مہر تاباں کہیں

جسے دور سے بھی نہ دیکھا کریں

کیا اس نے قتل اور میں نے معاف

عبث اہل شہر اس کا چرچا کریں

پھرے قیس آوارہ ہم وہ نہیں

کہ معشوق کو اپنی رسوا کریں

مرے درد دل کی ہی پرسش دوا

اگر مجھ کو پوچھیں تو اچھا کریں

خدا بے نیاز اور بت سنگ دل

کہو کس سے ہم راہ پیدا کریں

چلو پھر کہیں ان سے ہم حال دل

یہی پھر کہیں گے کہ ہم کیا کریں

جنہیں فصل گل میں نہ ہو دسترس

کہ سامان عشرت مہیا کریں

وہ قمری و بلبل کو مطرب بنائیں

گل و سرو کو جام و مینا کریں

انہیں کیا ہو ناظمؔ قیامت کا ڈر

جو ہر روز اک فتنہ برپا کریں