Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہ بیکلی نہیں دل کو وہ اضطراب نہیں

نسیم میسوری

وہ بیکلی نہیں دل کو وہ اضطراب نہیں

تمہارے ہجر کا اب کچھ مجھے عتاب نہیں

جلا بھنا ہوں مجھے خواہش کباب نہیں

پلا دے دھو کے سبو ہی اگر شراب نہیں

سنا ہے ہم نے کہ عارض پہ ہے غبار سا کچھ

بلا سے خط کا ہمارے اگر جواب نہیں

تری خبر کے لئے دیکھتے ہیں سب اخبار

مطالعہ میں کسی کے کوئی کتاب نہیں

رسیدہ بود بلائے ولے بخیر گزشت

تمہاری زلف سے خاطر کو پیچ و تاب نہیں

پلانا تول کے بادۂ مغاں خدا کے لئے

یہ دن شرف کے ہیں میزاں میں آفتاب نہیں

فرار کیوں نہ ہو ہر روز جاں نثار اک ایک

حضور آپ کی وہ دولت شباب نہیں

تمہارے زلف کی تصویر کیا کرے سیراب

خطا معاف ہو ہم تشنۂ سراب نہیں

نسیمؔ پی گئے اب مے کدوں میں ہے کیا خاک

دوا کے واسطے لندن میں بھی شراب نہیں