Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وقت رخصت چلتے چلتے کہہ گئے

ناطق لکھنوی

وقت رخصت چلتے چلتے کہہ گئے

اب جو ارماں رہ گئے سو رہ گئے

جلد باز ارماں ترے دیدار کے

خون ہو کر آنسوؤں میں بہہ گئے

عمر بھر سوچا کیے سمجھے نہ ہم

آنکھوں آنکھوں میں وہ کیا کیا کہہ گئے

کیا چھپاتا ہے مرا حال اے طبیب

کہنے والے میرے منہ پر کہہ گئے

اس کی منزل تک نہ پہنچا ایک بھی

سب مسافر راستے میں رہ گئے

پہلے ناطقؔ دل جگر میں درد تھا

اب سراپا درد بن کر رہ گئے