Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہ اٹھ کر قیامت اٹھانا کسی کا

راجہ نوشاد علی خان

وہ اٹھ کر قیامت اٹھانا کسی کا

وہ دل تھام کر بیٹھ جانا کسی کا

برا گر نہ مانو تو اتنا کہیں ہم

کہ اچھا نہیں ہے ستانا کسی کا

مری آہ نے ان کو تڑپا دیا ہے

جنہیں کھیل تھا دل دکھانا کسی کا

زباں گو ہوئی بند بسمل کی لیکن

لب زخم پر ہے فسانہ کسی کا

اٹھے میرے پہلو سے دل تھام کر وہ

قیامت ہوا یاد آنا کسی کا

مرے دشمن جاں سب اہل جہاں میں

کہ عاشق ہے سارا زمانہ کسی کا

عجب کیا ہزاروں کو بیمار ڈالے

کسی کی عیادت کو جانا کسی کا

ترے وصل سے ناز ہے کیوں عدو کو

رہے گا نہ یکساں زمانہ کسی کا

مجھے اور بھی بد گماں کر رہا ہے

قسم میرے سر کی نہ کھانا کسی کا

تڑپنے میں کیا جانے کیا منہ سے نکلے

نہ دکھتا ہوا دل دکھانا کسی کا

وہ نوشادؔ کا چھیڑنا وصل کی شب

وہ شرما کے آنکھیں جھکانا کسی کا