Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہ اگر بے حجاب ہو جاتا

عبدالعلیم آسی

وہ اگر بے حجاب ہو جاتا

خلق میں انقلاب ہو جاتا

دل سے ہوتی اگر دوئی معدوم

ذرہ بھی آفتاب ہو جاتا

حشر تک ہوش میں نہ آتے کلیمؔ

وہ اگر بے نقاب ہو جاتا

آتش عشق نے جگر پھونکا

دل بھی جل کر کباب ہو جاتا

تم پلاتے جو ہاتھ سے اپنے

ہر قدح آفتاب ہو جاتا

عشق میں لطف ہے تڑپنے کا

یہ سکون اضطراب ہو جاتا

دل لگانا ثواب تھا لیکن

جی چھڑانا عذاب ہو جاتا

نہ لگاتے بتوں سے دل عاصی

نہ زمانہ خراب ہو جاتا