Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہ ان زلفوں کا عالم ابتری کا

منتظر لکھنوی

وہ ان زلفوں کا عالم ابتری کا

سبب تھا میری شوریدہ سری کا

پری کی سی ہو جس ظالم کی رفتار

وہ کیا جانے جتن آدم گری کا

عجب اپنا بھی ہے معشوق بے عیب

ہنر ہے جس میں عاشق پروری کا

تری جادو نگاہی جس نے دیکھی

وہ کب قائل ہے سحر سامری کا

رواں ہیں لخت دل یوں چشم نم سے

مسافر جوں چلے رستہ تری کا

شرف اصحاب کہف اوپر رکھے ہے

جو سگ ہے آستان حیدری کا

بدی مت کر کسی کی منتظرؔ تو

اگر خواہاں ہے اپنی بہتری کا