Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

پردۂ ساز میں بھی سوز کا حامل ہونا

محمد صادق ضیا

پردۂ ساز میں بھی سوز کا حامل ہونا

شمع سے سیکھ شریک غم محفل ہونا

بزم ہستی پہ ہے مشکل مرا مائل ہونا

مجھے آتا نہیں سرگشتہ باطل ہونا

ناخدا تو مجھے آلودۂ طوفاں نہ سمجھ

موج دریا کو سکھاتا ہوں میں ساحل ہونا

سازگار آج مجھے راہ بھی ہے رہبر بھی

میری قسمت میں ہے آسودۂ منزل ہونا

رشتۂ ہوش ہے وابستہ تجھی سے اے دوست

کبھی ممکن نہیں تجھ سے مرا غافل ہونا

دل سے ہشیار کہ ہے دل ہی طرح عین حیات

موت سے بھی ہے سوا بے خبر دل ہونا

سعی کے بعد نہ کر کاوش فکر انجام

لعنت سعی ہے زحمت کش حاصل ہونا

بارش ابر سے بجلی کی لگی بجھ نہ سکی

غیر ممکن ہے علاج تپش دل نہ ہونا

ہر قدم پر رہ ہستی میں نئی ٹھوکر ہے

اے ضیاؔ سہل نہیں فائز منزل ہونا