Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ٹیس پیڑو میں اٹھی اوہی مری جان گئی

سعادت یار خان رنگین

ٹیس پیڑو میں اٹھی اوہی مری جان گئی

مت ستا مجھ کو دوگانا ترے قربان گئی

تجھ سے جب تک نہ ملی تھی مجھے کچھ دکھ ہی نہ تھا

ہاتھ ملتی ہوں بری بات کو کیوں مان گئی

جوں جوں پہنچی ہے چمک بندی کا دم رکتا ہے

اب مری جان گئی جان یہ میں جان گئی

میں ترے پاس دوگانا ابھی آئی تھی چلی

میرے گھر میں تو عبث کرنے کو طوفان گئی

زہر لگتی ہے مجھے یہ تری چتھل بازی

یاں ترے آنے سے باجی تجھے پہچان گئی

تیری رنگیںؔ سے کہیں آنکھ لڑی سچ کہہ دے

کچھ تو گھبرائی ہوئی پھرتی ہے اوسان گئی