Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ازل کی یاد میں میں گرم آہ سرد ہوا

راغب بدایونی

ازل کی یاد میں میں گرم آہ سرد ہوا

لگی تھی چوٹ کبھی اور آج درد ہوا

گزر گیا یہ نگاہوں سے تیرا مرکب حسن

تمام عالم دل اک قدم میں گرد ہوا

غلط کہ قابل دار و رسن ہوں اہل ہوس

بندھائی عشق نے ہمت جسے وہ مرد ہوا

پرے وہ عقل سے ہیں اس یقیں نے روک لیا

کبھی جو وہم کے پیچھے میں رہ نورد ہوا

تمام تجربۂ گرم و سرد عشق کہاں

کچھ اشک گرم ہوا دل کچھ آہ سرد ہوا

نقاب ان کی اٹھی تھی کہ ہم ہوئے بے ہوش

نگاہ ان سے لڑی تھی کہ دل میں درد ہوا

کرم سے اپنے مٹا دو کہ بے قرار ہے عشق

مرا وجود کہ دنیا کے دل کا درد ہوا

شہود بے جہت و کیف منسلک راغبؔ

جنوں اسے جو کسی سمت رہ نورد ہوا