Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

پیتے ہیں مے گناہ بہ قصد ثواب ہے

Naseem Dehlvi (1794–1864)

پیتے ہیں مے گناہ بہ قصد ثواب ہے

مستی کے ولولے ہیں زمان شباب ہے

اے چارہ گر ندامت بے جا نہ لیجیو

دل چاک ہو چکا ہے جگر آب آب ہے

زاہد معاف ضبط طبیعت نہیں ہمیں

ساغر چھلک رہے ہیں ہواے شباب ہے

بیداریاں ہیں دیدۂ زنجیر کی طرح

وہ آنکھ ہے ازل سے جو محروم خواب ہے

اے شور حشر ٹھہر کہ فرصت نہیں ہمیں

ہیں غفلتوں کے جوش جوانی کا خواب ہے

اے شیخ طول ریش مقدس گھٹائیے

حد سے زیادہ جو ہے اسی پر عذاب ہے

اے بے خبر قریب ہے فرداۓ باز پرس

ہشیار ہو کہ جلد زمان حساب ہے

دیکھا نگاہ غور سے ہم نے جو اے نسیمؔ

ہر شعر اس غزل کا تری انتخاب ہے