Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

چار سو عالم امکاں میں اندھیرا دیکھا

اوج لکھنوی

چار سو عالم امکاں میں اندھیرا دیکھا

تو جدھر ہے اسی جانب کو اجالا دیکھا

اس پہ قربان کہ جس نے تری آواز سنی

صدقے اس آنکھ کے جس نے ترا جلوہ دیکھا

خلوت قدس کی بے پردہ تجلی کو نہ پوچھ

شوق نظارہ میں صرف آنکھ کا پردہ دیکھا

آنکھ جب بند ہوئی کھل گیا راز قدرت

شان معبود اندھیرے میں اجالا دیکھا

پردہ اٹھ جائے گا جب روئے تجلی سے کلیم

آپ خود منہ سے کہیں گے کہ ابھی کیا دیکھا

روئے گل رنگ خزاں جوش جنوں فصل بہار

چار دن کے لئے اس باغ میں کیا کیا دیکھا

اوجؔ کج بختیٔ ارباب سخن سے کیا بحث

دامن گل کبھی کانٹوں میں نہ الجھا دیکھا