Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ازل سے جستجو کی سرگرانی لے کے آیا ہوں

سراج الدین ظفر

ازل سے جستجو کی سرگرانی لے کے آیا ہوں

تلاش حسن ہے شمع جوانی لے کے آیا ہوں

تری محفل سے حسرت کی نشانی لے کے آیا ہوں

وفا کی آرزو تھی سرگرانی لے کے آیا ہوں

جہاں میں ذوق حسن جاودانی لے کے آیا ہوں

کہاں کی کس خرابے میں کہانی لے کے آیا ہوں

مری ہستی زمانے کے مٹائے سے نہیں مٹتی

ازل سے میں نشان بے نشانی لے کے آیا ہوں

مری خاموش صورت آئنہ دار محبت ہے

میں آئینے سے حسن بے زبانی لے کے آیا ہوں

بھڑک اٹھوں نہ خود اپنی نوائے شعلہ ساماں سے

خس و خاشاک میں شعلہ بیانی لے کے آیا ہوں

محبت کو تو عمر جاوداں بھی مختصر ہوگی

الٰہی کیا کروں میں عمر فانی لے کے آیا ہوں

ظفرؔ کیا تاب لائے کوئی طوفان محبت کی

ہوا کے سامنے شمع جوانی لے کے آیا ہوں