Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کام اتنا میرے پیارے چرخ کہن سے نکلے

مردان صفی

کام اتنا میرے پیارے چرخ کہن سے نکلے

تم سے نہ ہوں جدا میں جب جان تن سے نکلے

تم حالت نزع میں بھی پاس میرے رہنا

تا کلمۂ محمد میرے دہن سے نکلے

یا رب نہ تا قیامت محتاج ہوں کسی کا

جو ہو مری تمنا وہ پنج تن سے نکلے

وحشت نہ قبر میں ہو تم سامنے ہی رہنا

دست جنوں نہ میرا باہر کفن سے نکلے

ہے لطف زندگی کا بعد از فنا اسی میں

نام خدا جو اپنے سب تن بدن سے نکلے

روزہ نماز تسبیح پہنچائیں گے نہ واں تک

ہوگا وصال اسی کو جو ما و من سے نکلے

اپنی خبر نہ باقی رہ جائے گی کسی کو

پردے سے گر کہیں وہ اک بانکپن سے نکلے

یاد قد صنم میں میں دوں مثال اس وقت

جب کام کوئی میرا سرو چمن سے نکلے

مرداںؔ جو کوئی ڈوبے دریائے عشق میں وہ

چھوٹے خودی سے اپنے حب وطن سے نکلے