Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کثرت وحدانیت میں حسن کی تنویر دیکھ

شیر سنگھ ناز دہلوی

کثرت وحدانیت میں حسن کی تنویر دیکھ

دیدۂ حق بیں سے رنگ عالم تصویر دیکھ

اس قدر کھنچنا نہیں اچھا بت بے پیر دیکھ

پیار کی نظروں سے سوئے عاشق دلگیر دیکھ

غیر نے مجھ پر ستم ڈھائے ہیں ڈھالے آج تو

رہ نہ جائے کوئی بھی ترکش میں باقی تیر دیکھ

کام بن بن کر بگڑ جاتے ہیں لاکھوں رات دن

کس قدر ہے مجھ سے برگشتہ مری تقدیر دیکھ

پھر نہ یہ کہنا کہ خط لکھا ہے کس نے غیر کو

لے یہ ہے موجود تیرے ہاتھ کی تحریر دیکھ

ہارنا ہمت دلیل کامیابی سے ہے دور

کام لے تدبیر سے پھر خوبی تقدیر دیکھ

گنبد گردوں سنبھل اے گنبد گردوں سنبھل

کر نہ دے صد پاش تیر آہ پر تاثیر دیکھ

چار دن کی زندگی پر مشت خاک اتنا غرور

پیس دے گا ایک دن یہ آسمان پیر دیکھ

بے بلائے تو نہیں آیا تری محفل میں نازؔ

دیکھ ہاں ہاں دیکھ اپنے ہاتھ کی تحریر دیکھ