Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

چوری کہیں کھلے نہ نسیم بہار کی

آغا حشر کاشمیری

چوری کہیں کھلے نہ نسیم بہار کی

خوش بو اڑا کے لائی ہے گیسوئے یار کی

اللہ رکھے اس کا سلامت غرور حسن

آنکھوں کو جس نے دی ہے سزا انتظار کی

گلشن میں دیکھ کر مرے مست شباب کو

شرمائی جاری ہے جوانی بہار کی

اے میرے دل کے چین مرے دل کی روشنی

آ اور صبح کر دے شب انتظار کی

جرأت تو دیکھئے گا نسیم بہار کی

یہ بھی بلائیں لینے لگی زلف یار کی

اے حشرؔ دیکھنا تو یہ ہے چودھویں کا چاند

یا آسماں کے ہاتھ میں تصویر یار کی