Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

چھانتے خاک ہیں اس راہ سے آنے والے

سید ہمایوں میرزا حقیر

چھانتے خاک ہیں اس راہ سے آنے والے

جی سے جاتے ہیں ترے کوچہ سے جانے والے

آج وہ عیسی دوراں ہیں جلانے والے

ہم تڑپ کر ہیں لحد سے نکل آنے والے

میں بھی پیاسا ہوں مجھے کیوں نہیں کرتے سیراب

آپ شمشیر سے او پیاس بجھانے والے

نہ ہمیں دیر سے مطلب نہ حرم سے کچھ کام

ہم تو ہیں کوچۂ دل دار کے جانے والے

لو ہوئے خود بھی گرفتار محبت ناصح

آپ ہی بھولے جو تھے راہ بتانے والے

اپنی فریاد سے بیتاب نہ کر اے بلبل

تیرے نالے ہیں مرے ہوش اڑانے والے

رو ہی دیتا ہوں جو یاد آتا ہے لندن مجھ کو

کیا ہوئے اب وہ حسیں ناچنے گانے والے

دیکھ کے لاش حقیرؔ آپ کی بولا وہ شوخ

آج دنیا سے چلے ٹھوکریں کھانے والے