Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

گزارے ہجر میں برسوں ہی وصل یار کے بعد

نواب امراوبہادر دلیر

گزارے ہجر میں برسوں ہی وصل یار کے بعد

اٹھایا جبر بہت ہم نے اختیار کے بعد

نہ دشمنوں کے لئے تھی زمین کوچۂ دوست

بنی نہ پھر کوئی تربت مرے مزار کے بعد

کس آسرے پہ گزاروں زمانۂ فرقت

کہ ناامید ہوا ہوں اک انتظار کے بعد

خزاں کے بعد الٰہی بہار پھر دیکھیں

خزاں تو دیکھ چکے موسم بہار کے بعد

مرے شباب کی یاد آ رہی ہے پیری میں

کہ قدر نشہ کی ہوتی ہے کچھ خمار کے بعد

ملا جو قیس سا ہم رنگ دشت وحشت میں

ہوا سکون طبیعت کو انتشار کے بعد

وہ مشق تیر تھی ان کی ہمارے ہی دل تک

ملا نہ پھر کوئی نخچیر اس شکار کے بعد

پس فنا ہے تباہی کی ابتدا مجھ سے

بہت سی آندھیاں اٹھیں گی اس غبار کے بعد

ہم ان کے بس میں ہیں قابو میں تھے جو اپنی دلیرؔ

یہ بے بسی نہ کسی کو ہو اختیار کے بعد