Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہجر کی راتیں

میرزا الطاف حسین عالم لکھنوی

ہجر کی راتیں کالی کالی

اس پر یاد کسی کی جاری

ایسے گہرے سناٹے میں

کس سے کہیں ہم غم کی کہانی

دنیا ساری سوتی ہے

تارے گننا بے چینی میں

آہیں بھرنا بیتابی میں

آہ ہماری سونے والو

اس حالت میں لاچاری میں

رات بسر یوں ہوتی ہے

کشتۂ غم کی اب تربت پر

حسرت روتی ہے حسرت پر

ایک اداسی کا عالم ہے

سونے والے کی قسمت پر

شمع بالیں روتی ہے

جس میں حسرت کی بستی ہے

جس کی بلندی ہر پستی ہے

یعنی جس کو دل کہتے ہیں

جس پر سب دنیا ہنستی ہے

ایک انوکھا موتی ہے

چرخ نے بیدردی بے رحمی

سچ تو یہی ہے اس سے سیکھی

آؤ عالمؔ کچھ تو بتاؤ

سب کچھ ہے پر یاس کسی کی

یاد بھلا کیوں کھوتی ہے