Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہمت مرداں

احمق پھپھوندوی

نئی تہذیب نے برباد غارت کر دیا بالکل

ہم اپنے ملک سے اب اس کو غارت کر کے چھوڑیں گے

ہمارے علم و فن سب اس نے رخصت کر دیے ہم سے

ہم اب ہندوستاں سے اس کو رخصت کر کے چھوڑیں گے

غلامی نے ہمارے سارے جوہر خاک کر ڈالے

ہم اپنے ملک سے دور اب یہ لعنت کر کے چھوڑیں گے

ہم اپنے ملک پر قبضہ کریں گے جس طرح ہوگا

زبان بے کسی سے ختم حجت کر کے چھوڑیں گے

فنا کر دیں گے اہل جبر و استبداد کی ہستی

زمیں میں دفن رسم جہل و وحشت کر کے چھوڑیں گے

مٹا ڈالیں گے ہم ہر خود سر و مغرور کا غرہ

تہ و بالا نظام کبر و نخوت کر کے چھوڑیں گے

ہٹا دیں گے ہر اک سنگ گراں کو اپنے رستے سے

نمایاں اپنی شان استقامت کر کے چھوڑیں گے

اگر کوہ گراں بھی ہوگا اپنی راہ میں حائل

اسے بھی پائمال عزم و ہمت کر کے چھوڑیں گے

غرض اب یہ تہیہ کر لیا ہے مستقل ہم نے

فنا اک دن یہ طاغوتی حکومت کر کے چھوڑیں گے