Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہمارا جذب صادق شوق کامل دیکھتے جاؤ

منیر بھوپالی

ہمارا جذب صادق شوق کامل دیکھتے جاؤ

یہیں کھنچ کر چلی آئے گی منزل دیکھتے جاؤ

وفا آموز ہے رشک شہادت آج مقتل میں

ہزاروں ہوں گے بسمل گرد بسمل دیکھتے جاؤ

دم آخر ہے ٹھہرو کرب خود تسکین بنتا ہے

ہوئی جاتی ہے اب آسان مشکل دیکھتے جاؤ

جن آنکھوں سے ابھی تصویر راحت تم نے دیکھی ہے

انہیں آنکھوں سے خون حسرت دل دیکھتے جاؤ

دلم شد خون خوں شد اشک اشک از دیدہ بیروں شد

محبت کا ثمر الفت کا حاصل دیکھتے جاؤ

تمہیں دشمن سمجھ کر بھی تمہیں پر جان دیتا ہوں

مری ہمت مری جرأت مرا دل دیکھتے جاؤ

کوئی بد ظن نہ ہو اور خاتمہ با لخیر ہو جائے

بہ انداز تغافل سوئے بسمل دیکھتے جاؤ

نہ گم کر دے کہیں وارفتگی اے قافلہ والو

مجھے ہر گام پر منزل بمنزل دیکھتے جاؤ

انہیں بے چین کر دیں گی فلک کو بھی جلا دیں گی

منیرؔ آہوں کا اپنی زعم باطل دیکھتے جاؤ