Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

یاں تو کچھ اپنی خوشی سے نہیں ہم آئے ہوئے

Nazeer Akbarabadi (1735–1830)

یاں تو کچھ اپنی خوشی سے نہیں ہم آئے ہوئے

اک زبردست کے ہیں کھینچ کے بلوائے ہوئے

آتے ہی روئے تو آگے کو نہ روویں کیوں کر

ہم تو ہیں روز تولد ہی کے دکھ پائے ہوئے

دیکھ کر غیر کے ساتھ اس کو کہا یوں ہم نے

ہو تو تم چاند پر اس وقت ہو گہنائے ہوئے

کل جو گلشن میں گئے ہم تو عجب شکل سے آہ

ہجر کے مارے ہوئے جی سے بتنگ آئے ہوئے

گل جو تازے تھے کھلے کہتے تھے شبنم سے یہ بات

دیکھ کر ان کو جو وہ پھول تھے کمہلائے ہوئے

آج ہیں شاخ پہ جس طور سے پژمردہ نظیرؔ

کل اسی طرح سے ہم ہوویں گے مرجھائے ہوئے