Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

یہی گر حسن کا عالم رہے گا

خوشی محمد ناظر

یہی گر حسن کا عالم رہے گا

تو زخم عشق بے مرہم رہے گا

نہ دے اے ناصح مشفق تسلی

کہ جب تک ہم رہیں گے غم رہے گا

ہے جس کے دم سے یہ ہنگامۂ عشق

وہی ہر دم رہا ہر دم رہے گا

بشر یاں سیج پر پھولوں کی کب تک

مثال قطرۂ شبنم رہے گا

غم دل دینے والے سچ بتانا

تجھے بھی کچھ ہمارا غم رہے گا

نہال عشق کو شاداب کر لوں

پھر ان آنکھوں میں کب تک نم رہے گا

تمہاری یاد ہر دم تازہ ہوگی

ہمارے دم میں جب تک دم رہے گا

دیار یار کا ملنا ہے مشکل

جو یہ راہوں کا پیچ و خم رہے گا

نشاں باقی نہ ہوگا بزم جم کا

مگر گردش میں جام جم رہے گا

یہی پرواز ہے اس کی تو کب تک

بنی آدم بنی آدم رہے گا

یہ ہندی سے فرنگی کہہ رہا تھا

کہ جب تک تم رہو گے ہم رہے گا

دم رخصت وہ کہتے تھے کہ ناظرؔ

ترے جانے کا ہم کو غم رہے گا