Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اب تو ہجوم یاس کی کچھ انتہا نہیں

بیخود موہانی

اب تو ہجوم یاس کی کچھ انتہا نہیں

یعنی مجھے امید کا بھی آسرا نہیں

کب ہم سے بے دلوں پہ نگاہ جفا نہیں

ہم خوب جانتے ہیں کہ تو بے وفا نہیں

اے رشک پردہ سوز شکایت کی جا نہیں

وہ بزم ناز ہے دل بے مدعا نہیں

دکھلائے پھر خدا نہ وہ مایوسیوں کے دن

ہوتا تھا یہ خیال کہ ہے یا خدا نہیں

اللہ رے بے نیازیٔ آسودگان خواب

اس قرب پر کسی سے کوئی بولتا نہیں

آتی ہے ذرے ذرے سے آواز بازگشت

پھر بھی یہ کہہ رہا ہے ابھی کچھ کہا نہیں

وہ خود بھی دفن ہو گئی اہل وفا کے ساتھ

بے کار ڈھونڈھتا ہے جہاں میں وفا نہیں

ہے جلوہ ریز بزم تصور جمال یار

اے شوق دید اب یہ تغافل روا نہیں

صدقے ترے کرم کے نہ دے زحمت سوال

کشکول ہے فقیر کا دست دعا نہیں

محرومیوں سے ذوق ہے مجبوریوں سے عشق

میں کامیاب ہوں یہ مرا مدعا نہیں

وہ دید ہائے شوق کہ دیکھیں ترا جمال

کس کا بہشت کچھ بھی انہیں دیکھتا نہیں

کیوں اس کے چومتے ہی نہ معراج ہو نصیب

بیخودؔ خدا کا ہاتھ ہے دست دعا نہیں