Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آن رکھتا ہے عجب یار کا لڑ کر چلنا

Nazeer Akbarabadi (1735–1830)

آن رکھتا ہے عجب یار کا لڑ کر چلنا

ہر قدم ناز کے غصے میں اکڑ کر چلنا

جتنے بن بن کے نکلتے ہیں صنم نام خدا

سب میں بھاتا ہے مجھے اس کا بگڑ کر چلنا

ناتوانی کا بھلا ہو جو ہوا مجھ کو نصیب

اس کی دیوار کی اینٹوں کو رگڑ کر چلنا

اس کی کاکل ہے بری مان کہا اے افعی

دیکھیو اس سے تو کاندھا نہ رگڑ کر چلنا

چلتے چلتے نہ خلش کر فلک دوں سے نظیرؔ

فائدہ کیا ہے کمینے سے جھگڑ کر چلنا